چین کا پاکستان پر اعتماد، امریکہ سے تعلقات دوستی پر اثرانداز نہیں ہوں گے

[post-views]
[post-views]

چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان ہر موسم کے تزویراتی شراکت دار ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان آہنی دوستی نے وقت کے تمام امتحانات میں اپنی پائیداری ثابت کی ہے۔

بیجنگ میں پریس بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان باہمی مفادات سے متعلق اہم معاملات پر اعلیٰ سطح کا اعتماد اور مسلسل قریبی رابطہ قائم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک پاکستان اور امریکا کے درمیان ہونے والے مائننگ تعاون کے حوالے سے بھی رابطے میں ہیں۔

ترجمان کے مطابق پاکستان نے چین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اس کے امریکا سے تعلقات کسی بھی صورت میں چین کے مفادات یا دوطرفہ تعاون کو متاثر نہیں کریں گے۔

چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے وضاحت کی کہ پاکستانی قیادت نے امریکی رہنماؤں کو جو نمونے دکھائے، وہ دراصل مقامی طور پر خریدے گئے قیمتی پتھروں کے تھے۔ ان کے مطابق اس حوالے سے گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں، جن کا مقصد چین اور پاکستان کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین کے حالیہ ریئر ارتھ برآمدی کنٹرول اقدامات کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ اقدام چین کی حکومت کی جانب سے اپنے ایکسپورٹ کنٹرول نظام کو قوانین اور عالمی ضوابط کے مطابق مزید مؤثر بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ چین کے ان اقدامات کا مقصد عالمی امن، علاقائی استحکام اور عدم پھیلاؤ سے متعلق اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو بہتر طور پر نبھانا ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos