وفاق کی جانب سے پولیس کو ناقص گاڑیاں دینے پر سہیل آفریدی برہم، گاڑیاں واپس کرنے کی ہدایت

[post-views]
[post-views]

وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت کی جانب سے فراہم کی گئی بلٹ پروف گاڑیوں کو ناقص اور پرانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ خیبر پختونخوا پولیس کی توہین ہے اور انہیں فوری طور پر واپس کیا جائے۔

اپنے پہلے باضابطہ اجلاس میں انہوں نے سابق وزرائے اعلیٰ کی حفاظتی اسکواڈ واپس لینے، گڈ گورننس روڈ میپ پر عملدرآمد، اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جو سرکاری افسران عوام کے مینڈیٹ کے ساتھ کھڑے رہے انہیں انعام دیا جائے گا، جبکہ عوامی مفاد کے خلاف کام کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ ضم شدہ اضلاع میں “ٹرائبل میڈیکل کالج” اور “ٹرائبل یونیورسٹی آف ماڈرن سائنسز” قائم کی جائیں گی، تحصیل سطح پر پلے گراؤنڈز اور سیف سٹی پروجیکٹ شروع کیے جائیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی شہری کو سیاسی بنیادوں پر گرفتار نہیں کیا جائے گا، پولیس میں سیاسی مداخلت کی اجازت نہیں ہوگی اور امن و امان حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فنڈز کی عدم فراہمی سے صوبہ دہشتگردی کے خطرات سے دوچار ہے۔

وزیرِاعلیٰ نے ہدایت دی کہ تعلیمی نظام میں رٹہ کلچر کا خاتمہ، میرٹ پر عملدرآمد، اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے تاکہ لوگوں کو حقیقی تبدیلی محسوس ہو۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos