محکمۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے 18 خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ کارروائیاں لاہور، منڈی بہاؤالدین، خوشاب، بہاولپور، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرانوالہ، نارووال، پاکپتن اور بھکر میں بیک وقت کی گئیں، جن کا مقصد صوبے میں دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کو قبل از وقت ناکام بنانا تھا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق گرفتار کیے گئے دہشت گردوں میں ایک ممنوعہ تنظیم کا اعلیٰ سطحی رکن بھی شامل ہے، جو پنجاب کے ایک بڑے شہر میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی میں مصروف تھا۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ گرفتار ملزمان مختلف شہروں میں دہشت گرد نیٹ ورک کو منظم کرنے اور حساس مقامات پر حملوں کی تیاری کر رہے تھے۔
محکمۂ انسدادِ دہشت گردی نے کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد، ایک خود ساختہ بم (آئی ای ڈی) اور تین ڈیٹونیٹرز بھی برآمد کیے ہیں۔ ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی کی ٹیمیں دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور ان کے نیٹ ورک کے دیگر ارکان تک پہنچنے کے لیے مزید چھاپے مار رہی ہیں تاکہ دہشت گردی کے کسی بھی ممکنہ منصوبے کو مکمل طور پر ناکام بنایا جا سکے۔
ترجمان نے یہ بھی واضح کیا کہ پنجاب بھر میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی بھی تخریبی عنصر کو ریاست کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سی ٹی ڈی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں تاکہ صوبے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھی جا سکے۔











