پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ فخر زمان کو ضرورت کے مطابق ٹیم میں شامل کیا جائے گا، جبکہ بابر اعظم اپنے کردار سے اچھی طرح آگاہ ہیں۔
کولمبو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیم پوری طرح تیار ہے اور کھلاڑیوں پر مکمل اعتماد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالات کو سمجھ کر حکمتِ عملی بنائی گئی ہے اور امید ہے کہ کنڈیشنز سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیم ہمیشہ بہترین کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترنے کی کوشش کرتی ہے۔ عثمان طارق کو انہوں نے ایک باصلاحیت کھلاڑی قرار دیا جو بیک وقت جارحانہ اور دفاعی انداز میں کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ہیڈ کوچ کے مطابق بابر اعظم کو معلوم ہے کہ ٹیم کو ان سے مڈل آرڈر میں مضبوط کارکردگی درکار ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ نمیبیا کے خلاف انہیں 11ویں یا 12ویں اوور میں بھیجنا فائدہ مند نہیں تھا، کیونکہ پاور پلے میں ان کا اسٹرائیک ریٹ سو سے کم رہتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فخر زمان اسکواڈ کا حصہ ہیں اور جب ٹیم کو ضرورت ہوگی وہ کھیلیں گے۔ موجودہ حالات میں اسپنرز کا کردار اہم ہو سکتا ہے، اس لیے حتمی کمبی نیشن کا فیصلہ کنڈیشنز دیکھ کر کیا جائے گا۔
مائیک ہیسن نے کہا کہ سلمان آغا صرف اپنی وکٹ گرنے پر مایوس تھے، اس کے علاوہ کوئی مسئلہ نہیں تھا۔ ایشیا کپ کے بعد بابر اعظم کو ایک مخصوص ذمہ داری کے لیے واپس لایا گیا ہے، کیونکہ ان کے پاس خاص مہارت ہے، تاہم بعض مواقع پر کوئی دوسرا کھلاڑی وہ کردار بہتر انداز میں ادا کر سکتا ہے۔








