وفاقی کابینہ نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کو دوبارہ مؤخر کرنے کی منظوری دے دی۔
کابینہ نے وفاقی دارالحکومت میں پنجاب طرز کے بلدیاتی نظام کے نفاذ کے لیے قانون سازی اور بلدیاتی قانون میں ترمیم کے لیے آرڈیننس جاری کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے تحت وارڈز کی تعداد بڑھائی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں اجلاس کے دوران چیف کمشنر اسلام آباد نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق بریفنگ دی، جبکہ کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ انتخابات پندرہ جنوری کو ہوں گے اور شیڈول جاری ہو چکا ہے۔
اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے تین اور تیس دسمبر کے فیصلوں، اسلام آباد وفاقی دارالحکومتی علاقہ لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس دو ہزار پچیس، اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے چھبیس اگست کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔
کابینہ نے آف گرڈ لیوی سے متعلق بجلی صارفین کو ریلیف دینے اور آف گرڈ لیوی ایکٹ دو ہزار پچیس میں ترمیم کے لیے صدارتی آرڈیننس جاری کرنے کی منظوری بھی دی۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ پی آئی اے کے 75 فیصد حصص کی نجکاری کامیابی اور شفاف طریقے سے مکمل ہوئی، جو خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی نجکاری کے حکومتی وژن کا اہم سنگ میل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں جی ڈی پی میں بہتری آئی ہے، اور حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکال کر معاشی استحکام کی راہ پر ڈال دیا ہے۔
وزیراعظم نے یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے حالیہ ملاقاتوں اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک گفتگو کو دو طرفہ معاشی اور اسٹریٹجک تعلقات کے لیے مثبت قرار دیا۔













