وزیرِ اعظم شہباز شریف نے جمعرات کو ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ملک کو کیش لیس معیشت کی طرف تیز رفتار منتقلی کے لیے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے قومی اہداف دوگنا کرنے کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز شفاف معیشت کے لیے ناگزیر ہیں اور عوامی شعور بڑھانے کے ساتھ ساتھ ادائیگیوں کے نظام کو آسان بنانا وقت کی ضرورت ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ’’ڈیجیٹل ادائیگیوں کو نقد سے زیادہ آسان بنایا جائے۔‘‘ اجلاس میں بتایا گیا کہ موبائل ایپ کے ذریعے ادائیگی کرنے والے صارفین کی تعداد ۹۵ ملین سے بڑھا کر ۱۲۰ ملین کی جائے گی، جبکہ کوڈ کے ذریعے ادائیگی قبول کرنے والے تاجروں کی تعداد ۹ لاکھ سے بڑھا کر ۲۰ لاکھ کی جائے گی۔
ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے تین کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جبکہ اسٹیٹ بینک تاجروں کے لیے آسان ڈیجیٹل ادائیگیوں کا پیکج لا رہا ہے۔ اسلام آباد سٹی ایپ سے ۱۵.۵ ارب روپے کی آمدن ہو چکی ہے، اور مفت وائی فائی کی سہولیات گلگت بلتستان و آزاد کشمیر تک پھیلائی جا رہی ہیں۔