مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ہماری سرخ لکیر ہے، اور اس کی جانب کسی کو بھی میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
یہ بات انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف سے جاتی امرا میں ہونے والی ملاقات کے دوران کہی۔
رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اپنے بڑے بھائی اور پارٹی قائد نواز شریف سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ جاتی امرا پہنچے، جہاں دونوں رہنماؤں نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے نواز شریف کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے حالیہ مذاکرات کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ قوم کے بیٹے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر وطنِ عزیز کے دفاع میں مصروف ہیں، اور پاکستان کی طرف میلی آنکھ اٹھانے والوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔