وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ندیم جان نے ملک میں پولیو وائرس کی گردش کو کامیابی سے روکنے اور پولیو سے پاک ملک کی صف میں شامل کرنے کے لیے تین جہتی حکمت عملی کا اعلان کیا ہے۔
آج اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ بنوں میں مقامی طور پر آپریشنل حب قائم کیے جا رہے ہیں کیونکہ وہاں پولیو کے چار میں سے تین کیس سامنے آ چکے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اضافی وسائل اور ماہرین صحت کی فراہمی کے ذریعے ان حبس کو بہتر وسائل فراہم کریں گے۔
پولیو وائرس کی گردش سے نمٹنے کے لیے مربوط طریقہ کار کی تاثیر کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ ملک بھر میں پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو اہم وٹامنز کی اضافی خوراک کے ساتھ پولیو کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.
ندیم جان نے کہا کہ حکومت نے پولیو کے قطرے پلانے سے متعلق عام لوگوں کے ذہنوں میں موجود تمام غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے ایک مواصلاتی حکمت عملی وضع کی ہے۔
اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر رضاکارانہ خدمات سرانجام دینے والے پولیو ورکرز کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں پولیو وائرس کے خاتمے کے بعد ان کی خدمات کو غذائیت، خاندانی منصوبہ بندی اور صحت کی صفائی میں مزید استعمال کیا جائے گا۔









