لاہور میں عید صفائی آپریشن میں خلل ڈالنے والے 105 افراد دھر لیے گئے۔
ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور کی ہدایت پر سڑکوں پر سری پائے جلانے والوں، اوجھڑیاں نہر میں دھونے اور بغیر لائسنس کھالیں اکھٹی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن صاحبزادہ یوسف نے 32 افراد کو پکڑ کر حوالہ پولیس کیا، اے سی رائے ونڈ خرم حمید نے 26 جبکہ اے سی شالیمار شرینہ جنجوعہ اور اے سی سٹی واثق قیوم نے 16، 16 افراد کو جیل بھجوایا۔
اے سی کینٹ محمد نرٹضی نے آپریشن کرتے ہوئے 15 افراد کو جیل بھیج دیا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر کا کہنا تھا کہ سری پائے جلانے والے آلودگی کے ساتھ ساتھ تعفن کا باعث بھی بنتے ہیں، نہر میں اوجھڑیاں دھونے سے پانی آلودہ ہو کر انسانوں اور جانوروں کے لیے نقصان دہ ہو جاتا ہے، شہر کی صفائی میں خلل ڈالنے پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت ایکشن ہوگا۔