الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کے حوالے سے لوگوں کو سہولت فراہم کرنے اور ان کی شکایات کے ازالے کے لیے الیکشن مانیٹرنگ اور شکایات سنٹر قائم کر دیا۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق مانیٹرنگ اور شکایات سنٹر ابتدائی طور پر صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک کام کرے گا جبکہ جنوری کے وسط سے انتخابات تک یہ چوبیس گھنٹے فعال رہے گا۔
لوگ کسی بھی قسم کی شکایت الیکشن مانیٹرنگ اور شکایات سنٹر میں بذریعہ واٹس ایپ نمبر03275050610 اور ایک خصوصی ہیلپ لائن نمبر 111-327-000 کے ذریعے درج کرا سکتے ہیں۔
دریں اثناء الیکشن کمیشن نے شکایات کے اندراج اور ان کے حل کے لیے اپنے سیکرٹریٹ اور صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح کے دفاتر میں کنٹرول روم بھی قائم کر دیے ہیں۔