آئی ایس پی آر کے مطابق، اپنے دورے میں فیلڈ مارشل نے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں اور ان کے ساتھ قومی ترقی اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کی۔
ٹیمپا میں، انہوں نے امریکی سینٹ کام کے کمانڈر جنرل مائیکل کوریلا کی ریٹائرمنٹ اور کمانڈ تبدیلی کی تقاریب میں شرکت کی۔ فیلڈ مارشل نے جنرل کوریلا کی شاندار عسکری قیادت اور پاک-امریکا دفاعی تعلقات کو مستحکم کرنے میں ان کی خدمات کو سراہا، اور نئے کمانڈر ایڈمرل کوپر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
آرمی چیف نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک باہمی تعاون کے ذریعے مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹتے رہیں گے۔ انہوں نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین سے بھی ملاقات کی، جہاں پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا، اور جنرل کین کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل نے دوست ممالک کے ڈیفنس چیفس سے بھی ملاقاتیں کیں۔ پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن میں انہوں نے روشن مستقبل پر اعتماد رکھنے اور سرمایہ کاری کے فروغ میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دی، جبکہ کمیونٹی نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔