پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجا نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے تازہ پیش رفت بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بینائی میں واضح بہتری آئی ہے۔ ان کے مطابق ابتدا میں بانی پی ٹی آئی نے شکایت کی تھی کہ انہیں دیوار پر لگی گھڑی دکھائی نہیں دے رہی، تاہم اب صورتِ حال یہ ہے کہ نہ صرف گھڑی واضح نظر آ رہی ہے بلکہ اس کی سوئیاں بھی صاف دکھائی دے رہی ہیں۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ یہ تبدیلی نہایت مثبت اور حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معالجین نے بھی اس پیش رفت کو غیر معمولی قرار دیا ہے۔ ان کے بقول، ڈاکٹروں کی جانب سے دی جانے والی تازہ معلومات سے امید کی فضا پیدا ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر ندیم قریشی نے جو تفصیلات فراہم کیں، وہ خاصی تسلی بخش ہیں، اور یہ معلومات انہیں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں دی گئیں۔ سلمان اکرم راجا کے مطابق ڈاکٹر ندیم قریشی کا نام بھی ڈاکٹر عاصم یوسف نے ہی تجویز کیا تھا۔







