غزہ کی پٹی پر جاری وحشیانہ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 1,600 سے تجاوز کرگئی ہے۔ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری بھی تیز کردی گئی ہے اور غزہ کی مکمل ناکہ بندی بھی کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب اسرائیل نے جنوبی لبنان میں بھی بمباری کی ہے جس میں حزب اللہ کے تین ارکان ہلاک ہو گئے ہیں۔ جوابی کارروائی میں حزب اللہ نے اسرائیل پر راکٹ فائر کیے۔
ہیومن رائٹس واچ نے اسرائیلی وزیر دفاع کی طرف سے غزہ کا مکمل محاصرہ کرنے کے مطالبے کی مذمت کی ہے جس میں خوراک، ایندھن اور بجلی کی بندش بھی شامل ہے۔
ایک بیان میں ہیومن رائٹس واچ برائے اسرائیل اور فلسطین کے ڈائریکٹر عمر شاکر نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں آبادی کو خوراک اور بجلی سے محروم رکھنا جنگی جرم ہے۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.
انہوں نے بین الاقوامی فوجداری عدالت پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کی طرف سے جنگی جرم کے ارتکاب کے مطالبے کا نوٹس لے۔
عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط آج ماسکو میں روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات کریں گے جس میں غزہ کی سنگین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے کہا کہ بات چیت میں عرب اسرائیل تنازعہ میں اضافے کے علاوہ باہمی دلچسپی کے دیگر موضوعات پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔









