سانحہ 9 مئی سے متعلق اہم مقدمات کی سماعت آج مقرر ہے، جن میں جی ایچ کیو حملہ کیس سمیت مجموعی طور پر 12 مقدمات شامل ہیں۔ یہ کارروائی جیل ٹرائل کے بجائے اسلام آباد کی ضلع کچہری میں انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کی سربراہی میں ہوگی۔
مقدمات میں جی ایچ کیو کے گیٹ نمبر 4 پر حملہ، آرمی میوزیم پر حملہ، صدر میں حساس ادارے کی عمارت کو نشانہ بنانے، میٹرو بس اسٹیشن کو آگ لگانے اور حساس ادارے کے دفتر پر حملے جیسے سنگین الزامات شامل ہیں۔ جی ایچ کیو حملہ کیس میں اب تک 119 گواہوں میں سے 27 کے بیانات ریکارڈ ہو چکے ہیں، جبکہ آج مزید 3 گواہوں کو طلب کیا گیا ہے۔ اس موقع پر سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، صداقت عباسی، واثق قیوم اور کرنل اجمل صابر بھی عدالت میں پیش ہوں گے۔
عدالتی کارروائی کے دوران سانحہ 9 مئی کے دیگر 11 مقدمات میں ملزمان کو چالان کی نقول فراہم کرنے کا عمل بھی مکمل کیا جائے گا۔ آج کی سماعت میں شیخ رشید احمد نے حاضری لگانے کے بعد عدالت سے واپسی اختیار کی، جبکہ استغاثہ کا وکیل ظہیر شاہ اور وکلائے صفائی ملک فیصل و حسنین سنبل بھی عدالت میں موجود تھے۔ عدالت نے ملزمان کو پیشی کے لیے طلب کیا تھا تاہم بڑی تعداد میں ملزمان عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔