حکومت نے زرعی اور صنعتی صارفین کے لیے ایک طویل المدتی ریلیف پیکیج تیار کر لیا ہے، جس کے تحت بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق اس پیکیج کے تحت آئندہ تین سال کے لیے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 14 روپے تک کمی کی جا سکتی ہے۔ تجویز یہ ہے کہ زرعی اور صنعتی صارفین کے لیے فی یونٹ نرخ 23 روپے 50 پیسے تک مقرر کیے جائیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاور ڈویژن نے تین سالہ ریلیف پیکیج کی تیاری مکمل کر لی ہے، جس میں اضافی بجلی کے استعمال پر بھی رعایتی نرخ 22 سے 23 روپے 50 پیسے فی یونٹ تک رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس وقت زرعی صارفین 38 روپے اور صنعتی صارفین 34 روپے فی یونٹ کے حساب سے بجلی کے بل ادا کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن یہ ریلیف پیکیج منظوری کے لیے وزیراعظم کو پیش کرے گی، اور توقع ہے کہ وزیرِاعظم شہباز شریف آئندہ چند روز میں اس کا باضابطہ اعلان کریں گے۔