وزارتِ خزانہ نے ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ ایل پی جی کی قیمت میں کمی کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 43 پیسے اضافہ کر کے نئی قیمت 265 روپے 45 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 2 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل اب 278 روپے 44 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
اوگرا ذرائع کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 34 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس سے اس کی نئی قیمت 185 روپے 5 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ تاہم عوام کے لیے ایک قدرے ریلیف کی خبر یہ ہے کہ ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 5 روپے 88 پیسے کی کمی کر دی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 201 روپے 60 پیسے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق 20 سال بعد سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کے لیے کامیاب بولیاں موصول ہوئی ہیں، اور اس منصوبے میں ایک ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری متوقع ہے، جو مستقبل میں توانائی کے شعبے کے لیے مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ اس کے برعکس متحدہ عرب امارات کی فیول پرائس کمیٹی نے نومبر 2025 کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے، جس سے وہاں عوام کو ریلیف حاصل ہوگا۔











