محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں تیز بارشوں اور گرج چمک کے ساتھ طوفان کی پیش گوئی کی ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی سمیت کئی شہروں میں شہری سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
مون سون ہوائیں بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے داخل ہو رہی ہیں، جبکہ مغربی ہوائیں بھی بالائی علاقوں کو متاثر کر رہی ہیں۔
آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا، پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئی علاقوں میں شدید بارش ہوئی، جن میں مالم جبہ اور قصور سرفہرست رہے۔
محکمہ موسمیات نے لینڈ سلائیڈنگ، کمزور عمارتوں کو نقصان، بجلی کے کھمبوں، گاڑیوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ پنجاب میں اس سال معمول سے 25 فیصد زیادہ بارش متوقع ہے اور ہنگامی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔