افغان طالبان رجیم سے مذاکرات ناکام ہوئے تو کھلی جنگ ہوگی، وزیر دفاع

[post-views]
[post-views]

وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایک بار پھر سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان اور افغان طالبان حکومت کے درمیان مسائل بات چیت سے حل نہ ہوئے تو پھر دونوں کے درمیان کھلی جنگ کے سوا کوئی راستہ نہیں بچے گا۔

سیالکوٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار سے پانچ دن کے دوران پاک افغان سرحد پر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے گزشتہ چالیس برس افغان عوام کی میزبانی کی، مگر اب افسوسناک طور پر افغان حکومت بھارتی پراکسی کے طور پر پاکستان کے خلاف سرگرم ہے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ تمام آپشنز میز پر موجود ہیں، لیکن اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو پھر صورتِ حال براہِ راست تصادم کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔ ان کے مطابق بہتر یہی ہے کہ دونوں ممالک اخوت، احترام اور برابری کی بنیاد پر ایک دوسرے کے ساتھ ہمسایوں کی طرح پرامن زندگی گزاریں۔

انہوں نے مقامی مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ میں ڈاکٹروں کی شدید کمی ہے کیونکہ زیادہ تر ڈاکٹر لاہور میں نوکری کرنا چاہتے ہیں، جس کی وجہ سے مقامی صحت کے نظام پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos