سلامتی خدشات کے پیشِ نظر عمران خان کے خلاف مقدمات کی آئندہ تمام سماعتیں اب اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے جیل حکام کی سفارش پر اس فیصلے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد حفاظتی انتظامات کو مزید مضبوط بنانا اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچاؤ کو یقینی بنانا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی کے تحت چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان اب ذاتی طور پر عدالتوں میں پیش ہونے کے بجائے اڈیالہ جیل میں قائم ویڈیو کانفرنس سسٹم کے ذریعے عدالتی کارروائیوں میں شریک ہوں گے۔
محکمہ داخلہ اور جیل انتظامیہ نے متعلقہ عدالتوں کو اس فیصلے سے باقاعدہ آگاہ کر دیا ہے، جبکہ ویڈیو لنک کے نظام کو فعال بنانے کے لیے تمام تکنیکی اور تحفظاتی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ عدالتی کارروائی بلا تعطل جاری رہ سکے۔
 
								 
								










 

