وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں تاخیر ہوئی تو پیپلز پارٹی کو ’اسٹینڈ‘ لینا پڑے گا۔
حکومت نے اعلان کیا ہے کہ 9 اگست کو اسمبلیاں تحلیل کر دی جائیں گی، جس کے بعد اسمبلیوں کی مدت ختم ہونے کے 90 دن کے اندر انتخابات کرائے جائیں۔
تاہم، وزیراعظم شہباز شریف نے رواں ہفتے کے اوائل میں ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ انتخابات تازہ ترین مردم شماری کی بنیاد پر ہوں گے، جب کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) پہلے ہی نئی آبادی کی بنیاد پر انتخابات کرانے سے معذرت کر چکا ہے۔
ایک دن پہلے، مشترکہ مفادات کی کونسل (سی سی آئی) نے 2023 کی ڈیجیٹل مردم شماری کے نتائج کی منظوری دے دی تھی، جس سے یہ تقریباً یقینی ہو گیا تھا کہ عام انتخابات اس سال ایک نئی حد بندی کے طور پر نہیں ہوں گے۔ اگرچہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سمیت کچھ حکمران اتحادیوں نے اس سے قبل تازہ مردم شماری کے تحت اگلے عام انتخابات کے انعقاد کی مخالفت کی تھی، تاہم سی سی آئی کے اجلاس میں اس کی خاموشی نے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔