اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان سے جیل میں ملاقات سے متعلق تمام درخواستوں پر سماعت کے لیے ایک لارجر بینچ تشکیل دے دیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی جانب سے بانی چیئرمین سے ملاقات کی درخواست کل سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس اعظم خان پر مشتمل لارجر بینچ ان تمام مقدمات کی سماعت کرے گا۔
دوسری جانب قیدی عرفان کی جانب سے بانی چیئرمین جیسی جیل سہولتوں کی فراہمی کی درخواست بھی اسی بینچ کے سامنے مقرر کی گئی ہے۔
مزید برآں، عدالتی احکامات کے باوجود بانی چیئرمین سے ملاقات نہ کروانے پر توہینِ عدالت کی درخواستیں بھی اسی لارجر بینچ کے روبرو پیش کی جائیں گی۔
یہ درخواستیں شبلی فراز، علیمہ خان، سلمان اکرم راجا اور دیگر رہنماؤں کی جانب سے دائر کی گئی ہیں جنہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ملاقات کی اجازت نہ دینا عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے۔
جیل ملاقات، جیل قوانین اور ایس او پیز سے متعلق دیگر درخواستوں کی سماعت بھی کل اسی بینچ کے سامنے ہوگی۔
اسی دوران، بیرسٹر گوہر نے اعلان کیا ہے کہ وہ عمر ایوب اور شبلی فراز کی خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن میں حصہ لیں گے۔