کسی بھی دشمنانہ اقدام کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، فیلڈ مارشل

[post-views]
[post-views]

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کشمیر آزادی کی ایک نئی صبح کی جانب بڑھ رہا ہے، جو اہلِ کشمیر کی مشترکہ خواہش اور ان کا مقدر ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مظفرآباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جموں و کشمیر یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے تحریکِ کشمیر کے شہداء کی جرأت اور بے مثال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ممتاز شہریوں اور سابق فوجیوں سے ملاقات کے دوران انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا۔

فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ بھارت کی ریاستی جارحیت اور سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے باوجود کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوتوا نظریے پر مبنی پالیسیوں کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد مزید مضبوط ہوئی ہے اور پاکستان سیاسی، اخلاقی اور سفارتی سطح پر کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو پوری قوت سے اجاگر کرتا رہے گا اور اس کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کی حمایت جاری رکھے گا۔

فرنٹ لائن پوسٹ پر تعینات افسران اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے ان کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاریوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل آپریشنل حالات کے باوجود فوج کا جذبہ قابلِ ستائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی دشمنانہ اقدام کا فوری، مؤثر اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، جبکہ پاکستان کی مسلح افواج روایتی اور ہائبرڈ دونوں طرح کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے اگلی صفوں میں تعینات جوانوں سے ملاقات کی، ان کی فرض شناسی اور عزم کو سراہا اور ہر سطح پر آپریشنل تیاریوں اور ہم آہنگی برقرار رکھنے پر زور دیا۔ دورے کے آغاز پر کور کمانڈر راولپنڈی نے چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos