لاہور میں بسنت کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور اشتعال انگیزی روکنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر کے مختلف پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق مذہبی ہم آہنگی کے تحفظ کے لیے مقدس کتب، مذہبی مقامات، شخصیات، سیاسی جماعتوں یا کسی ملک کے جھنڈے کی تصاویر والی پتنگوں پر پابندی ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے تحت مذہبی یا سیاسی نشانات والی پتنگوں کی تیاری، خرید و فروخت اور استعمال 30 روز کے لیے ممنوع قرار دیا گیا ہے، جبکہ صرف سادہ اور بغیر تصویر والی پتنگیں اُڑانے کی اجازت ہوگی۔ خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
محکمہ داخلہ کے ترجمان کے مطابق حکومت پنجاب نے لاہور میں 6 سے 8 فروری تک محفوظ بسنت کی مشروط اجازت دی ہے، تاہم کسی قسم کی قانون شکنی برداشت نہیں کی جائے گی۔ خطرناک ڈور، دھاتی تار، نائلون یا شیشے سے لیپ شدہ ڈور کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ مقررہ تاریخ سے قبل پتنگ بازی پر 5 سال قید اور 20 لاکھ روپے تک جرمانہ، جبکہ ممنوعہ مواد کی تیاری یا فروخت پر 7 سال قید اور 50 لاکھ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔











