مریم نواز کو نون لیگ کا سینئر نائب صدر اور پارٹی کا چیف آرگنائزر مقرر کیے جانے پر پارٹی میں دوسرے درجے کی تجربہ کار قیادت میں کچھ بے چینی پائی جاتی ہے۔
نون لیگ کے ذرائع نے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ اس تقرری کے حوالے سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی اور اس تقرری سے مریم نواز پارٹی میں اپنے والد نواز شریف اور چچا شہباز شریف کے بعد تیسری طاقتور شخصیت بن گئی ہیں، نون لیگ کے کئی سینئر رہنما اس تقرری سے پریشان ہیں۔
نون لیگ کے صدر کی جانب سے جاری کیے جانے والے حالیہ نوٹیفکیشن کے مطابق، مریم نواز باضابطہ طور پر پارٹی میں دوسری سینئر رہنما بن گئی ہیں، پہلے نمبر پر ان کے چچا اور پارٹی کے صدر شہباز شریف ہیں جو ملک کے وزیراعظم بھی ہیں۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق نواز شریف نون لیگ میں کوئی عہدہ نہیں رکھ سکتے لیکن وہ بدستور پارٹی کے سرپرست اعلیٰ ہیں۔