اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےمحفوظ صارفین کی اوور بلنگ کی بڑھتی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے زیادہ بل بھیجنے والے افسروں اور عملے کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کے تمام ڈائریکٹرز کو احکامات جاری کر دیئے، 200 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا ازالہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ محفوظ صارفین کو جان بوجھ کر غیرمحفوظ درجے میں شامل کرنا مجرمانہ فعل ہے، جس کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ایف آئی اے تمام صورتحال کا جائزہ لے اور حقائق کی روشنی میں بلا امتیاز ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ محفوظ صارفین کی اووربلنگ سے مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں، صارفین کی جانب سے اووربلنگ کی شکایات اور ناانصافی کا ازالہ کیا جائے۔
واضح رہے کہ لاہور الیکٹر ک سپلائی کمپنی کی جانب سے پروٹیکٹڈ صارفین کو مبینہ طورپر اووربلنگ کے معاملے پر ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نےانکوائری شروع کردی ہے جبکہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بھی اووربلنگ کے خلاف ذمہ دار افسروں کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیا ہے۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.