مری ایکسپریس وے پر ٹریفک حادثے کے نتیجے میں درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مری ایکسپریس وے پر بستال موڑ کے قریب مسافر بس حادثے کی زد میں آگئی۔ ریسکیو ٹیم کے مطابق حادثے کے نتیجے میں اب تک 28 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
ریسکیو ٹیم نے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مسافر بس مری سے لاہور جاتے ہوئے اُلٹ گئی۔ ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اس حوالے سے موٹروے پولیس نے بتایا کہ مری بس حادثہ صبح 4 بجے ظفر موڑ کے قریب پیش آیا۔ حادثے کے بعد سڑک ٹریفک کیلئے کلیئر کردی گئی جس کے بعد ٹریفک بحال ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے چلاس میں بھی سیاحوں کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 16 زخمی ہو گئے تھے۔