عمران خان کے وکیل فیصل ملک نے کہا ہے کہ نو مئی کے جی ایچ کیو حملہ کیس میں ان کے مؤکل کے خلاف کوئی ثبوت موجود نہیں۔
راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ امید ہے بانی پی ٹی آئی کو اس کیس میں انصاف ملے گا۔
فیصل ملک کے مطابق آج جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت مقرر تھی اور ہماری قانونی ٹیم مکمل تیاری کے ساتھ پہنچی تھی، ہمیں توقع تھی کہ سماعت اڈیالہ جیل میں ہو گی۔
انہوں نے بتایا کہ عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ گواہان دستیاب نہیں، جس پر عدالت نے کیس کی سماعت 5 نومبر تک ملتوی کر دی۔ ان کے مطابق 13 گواہان کے بیانات اور ان کے وکلاء کی غیرموجودگی میں ریکارڈ کیے گئے۔
وکیل نے مزید کہا کہ ہم نے درخواست دی ہے کہ واٹس ایپ ٹرائل کے دوران ریکارڈ ہونے والے ان 13 گواہوں کے بیانات دوبارہ قلم بند کیے جائیں تاکہ شفاف ٹرائل ممکن ہو۔