جسٹس امین الدین خان نے وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس کے طور پر حلف اٹھا لیا۔ ایوانِ صدر میں ہونے والی تقریب میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزرا، ارکانِ پارلیمنٹ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے علاوہ پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے سربراہان نے بھی تقریب میں شرکت کی، جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ اور اٹارنی جنرل بھی تقریب کا حصہ تھے۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان اسلام آباد ہائیکورٹ کے کورٹ روم نمبر 1 میں بیٹھیں گے، جبکہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر کو کورٹ روم نمبر 2 منتقل کیا جائے گا۔ وفاقی آئینی عدالت کے چھ نئے ججوں کی حلف برداری کی تیاریاں بھی جاری ہیں، اور جلد ہی چیف جسٹس امین الدین خان ان ججوں سے حلف لیں گے۔











