جب عوام جبر قبول نہ کریں، نظام ٹوٹ جائے گا: سلمان اکرم راجا

[post-views]
[post-views]

پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ جبر اور محکومی اسی وقت تک قائم رہتی ہے جب تک قوم اسے برداشت کرتی ہے، جس دن عوام نے انکار کر دیا یہ نظام خود ختم ہو جائے گا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران سلمان اکرم راجا، تحریک تحفظِ آئین پاکستان کے معاشی ترجمان اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے ملک کی معاشی سمت پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت معاشی استحکام کے دعوے دہرا رہی ہے، مگر خود سرکاری رپورٹس یہ ثابت کر رہی ہیں کہ عوام کی زندگی پہلے سے زیادہ مشکل ہو چکی ہے اور غربت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق ایس آئی ایف سی وہ سرمایہ کاری لانے میں ناکام رہا جس کا وعدہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی آئی اے کی نجکاری پر اصولی بحث ہو سکتی ہے، مگر ملازمین کے حقوق کی پامالی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔

محمد زبیر نے کراچی پریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی سروے کے مطابق ملک کی 80 فیصد آبادی کا معیارِ زندگی متاثر ہوا ہے، جبکہ مہنگائی کے باعث اتنی ہی تعداد میں لوگ خوراک کی خریداری محدود کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب سے بڑا دھچکا شہری مڈل کلاس کو لگا ہے اور 23 فیصد شہری آبادی کی آمدن اور معیارِ زندگی میں نمایاں کمی آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب چند برسوں میں عوام کی حالت اس قدر بگڑ جائے تو یہ سوال اٹھانا لازم ہو جاتا ہے کہ حکومت کی معاشی کارکردگی آخر کہاں ہے۔

محمد زبیر نے مزید کہا کہ ریاستی اداروں پر غیر معمولی کنٹرول کے باوجود معیشت میں بہتری نہیں آ سکی۔ ان کے مطابق ایس آئی ایف سی کو سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے قائم کیا گیا تھا، مگر اس عرصے میں سرمایہ کاری میں 50 فیصد کمی آنا اس منصوبے کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں میں تقریباً تین کروڑ افراد غربت کی لکیر سے نیچے جا چکے ہیں، جو موجودہ معاشی پالیسیوں کی سنگینی کو واضح کرتا ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos