پاکستان بار کونسل کے رکن احسن بھون نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے معزز چیف جسٹس سے متعلق بیان کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنا بیان واپس لیں۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پراپرٹی اونرشپ ایکٹ پر پنجاب حکومت کا رویہ غیر سنجیدہ اور غیر ذمہ دارانہ ہے، اور اس قانون کا مسودہ تیار کرنے والوں نے حکومت کو غلط قانونی مشورہ دیا۔
احسن بھون کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے خلاف کبھی کوئی شکایت سامنے نہیں آئی اور انہوں نے ہمیشہ آئین و قانون کے مطابق فرائض انجام دیے ہیں۔ انہوں نے چیف جسٹس کے اس ریمارکس کا حوالہ بھی دیا کہ اگر پنجاب پراپرٹی اونرشپ آرڈیننس برقرار رہا تو جاتی امرا بھی آدھے گھنٹے میں خالی ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتیں قائم کرنا حکومت کا کام نہیں، اور اگر حکومت نے عدالتی معاملات میں مداخلت بند نہ کی تو وکلاء احتجاج کریں گے۔ تاہم انہوں نے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں پنجاب حکومت کی کارکردگی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
آخر میں احسن بھون نے واضح کیا کہ قانون سازی پارلیمنٹ جبکہ قوانین کی تشریح عدالتوں کی ذمہ داری ہے، اور اس معاملے میں وزیراعلیٰ پنجاب کو غلط رہنمائی دی گئی ہے۔













