اسلام آباد: پاکستان نے ایران کی جانب سے اپنی فضائی حدود کی بلا اشتعال خلاف ورزی کی شدید مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں دو معصوم بچے جاں بحق اور تین بچیاں زخمی ہو ئے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری کی یہ خلاف ورزی مکمل طور پر ناقابل قبول ہے اور اس کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ اور بھی تشویشناک ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان رابطے کے متعدد چینل کے موجود ہونے کے باوجود یہ غیر قانونی عمل ہوا ہے۔
پاکستان پہلے ہی تہران میں ایرانی وزارت خارجہ میں متعلقہ سینئر عہدیدار کے پاس شدید احتجاج درج کرا چکا ہے۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.
مزید برآں، بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں بلایا گیا ہے تاکہ وہ پاکستان کی خودمختاری کی اس صریح خلاف ورزی کی سخت مذمت کریں اور اس کے نتائج کی ذمہ داری پوری طرح سے ایران پر عائد ہوگی۔
پاکستان نے ہمیشہ کہا ہے کہ دہشت گردی خطے کے تمام ممالک کے لیے مشترکہ خطرہ ہے جس کے لیے مربوط کارروائی کی ضرورت ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس طرح کی یکطرفہ کارروائیاں اچھے ہمسایہ تعلقات کے مطابق نہیں ہیں اور یہ دو طرفہ اعتماد کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔