نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ امریکا اور ایران مذاکرات کے عمل میں مثبت طرزِ عمل برقرار رکھیں گے اور کشیدگی میں کمی کی جانب پیش رفت کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں ہونے والے اہم اور سنجیدہ مذاکرات کے دوران انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ ثالثی کی ذمہ داری ادا کی، جس کا مقصد دونوں ممالک کو قریب لانا تھا۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ امریکا اور ایران تعمیری رویہ اپناتے ہوئے خطے میں دیرپا امن اور معاشی استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ تمام فریقین کے لیے ضروری ہے کہ وہ جنگ بندی کے عزم پر ثابت قدم رہیں، کیونکہ پائیدار امن کا دارومدار مسلسل رابطوں اور مذاکرات کے تسلسل پر ہے۔ ان کے مطابق پاکستان ماضی میں بھی دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے میں کردار ادا کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی یہی کردار جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں مذاکرات کے اختتام پر وہ ایران اور امریکا کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے فوری جنگ بندی کی اپیل کو مثبت انداز میں قبول کیا اور کشیدگی کم کرنے کے لیے آمادگی ظاہر کی۔









