پاکستان نے امریکی ڈائریکٹر قومی انٹیلی جنس کے پاکستان کے میزائل پروگرام کے حوالے سے بیان کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان کی تذویراتی صلاحیتیں مکمل طور پر دفاعی نوعیت کی ہیں اور ان کا بنیادی مقصد ملک کی خود مختاری اور قومی سلامتی کا تحفظ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا میزائل پروگرام خطے میں امن و استحکام قائم رکھنے کے لیے تیار کیا گیا ہے اور یہ کسی بھی جارحانہ ارادے کا حصہ نہیں۔ مزید برآں، پاکستان کے میزائل پروگرام کی بین البراعظمی حدِ مار سے کہیں کم ہے اور یہ قابلِ اعتماد، کم از کم دفاعی صلاحیت کے اصول پر مبنی ہے۔
اسی طرح، پاکستان نے بھارت میں اسرائیلی سفیر کے الزامات کو بھی یکسر مسترد کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی 12 ہزار کلومیٹر سے زائد رینج والی میزائل صلاحیتیں علاقائی سلامتی کے لیے اضافی تشویش پیدا کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ باہمی احترام، عدم امتیاز اور حقائق پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے اور جنوبی ایشیا میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے متوازن اور ذمہ دارانہ رویہ ضروری ہے۔













