پاکستان نے بھارتی وزیرِ خارجہ کے اشتعال انگیز، بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے یکسر مسترد کر دیا ہے۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور اس کے تمام ادارے، بشمول مسلح افواج، قومی سلامتی کے مضبوط ستون ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے ادارے ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہیں اور مئی 2025 میں بھارتی جارحیت کے جواب میں مسلح افواج نے پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کے ساتھ مؤثر کاروائی کی، جسے کسی پروپیگنڈا کے ذریعے جھٹلا نہیں جا سکتا۔
ترجمان نے کہا کہ بھارتی قیادت کی جانب سے پاکستان کے ریاستی اداروں اور قیادت کو بدنام کرنے کی کوششیں ایک منظم اور مذموم پروپیگنڈا مہم کا حصہ ہیں، جس کا مقصد بھارت کے خطے میں عدم استحکام پھیلانے والے اقدامات سے توجہ ہٹانا ہے۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اسرائیل کے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہیں ہو رہا اور بھارت پاکستان میں اپنی ریاستی سرپرستی میں جاری دہشت گردی سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ایسے اشتعال انگیز بیانات سے یہ حقیقت عیاں ہوتی ہے کہ بھارت کو خطے میں امن، ہم آہنگی اور استحکام کی کوئی پروا نہیں۔
اندرابی نے کہا کہ بھارتی قیادت کو پاکستان کی مسلح افواج پر بے بنیاد تبصرے کرنے کی بجائے فاشسٹ اور انتہاپسندانہ ہندوتوا نظریے کی تحقیقات کرنی چاہئیں، جس نے بھارت میں ہجوم کے ہاتھوں قتل، ماورائے عدالت کارروائیاں، عبادت گاہوں اور املاک کی تباہ کاری کو جنم دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اور اس کی قیادت مذہب کے نام پر پروان چڑھنے والی دہشت گردی کے شکنجے میں پھنس چکی ہے۔ پاکستان بقائے باہمی، مکالمے اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے اور قومی مفادات و خود مختاری کے تحفظ کے لیے متحد، مضبوط اور پُرعزم ہے۔







