پاکستان کی پہلی وفاقی آئینی عدالت نے آج باقاعدہ طور پر اپنے عدالتی کام کا آغاز کر دیا ہے، جس کے ساتھ ہی ملک میں آئینی تنازعات کے حل کے لیے ایک مستقل اور خصوصی فورم فعال ہو گیا ہے۔ عدالت نے اپنی ابتدائی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر دو میں شروع کی، جہاں چیف جسٹس امین الدین کی سربراہی میں تین رکنی بینچ مقدمات کی سماعت کر رہا ہے۔ اس بینچ میں جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس ارشد حسین شاہ بھی شامل ہیں۔
ادھر چیف جسٹس امین الدین خان نے وفاقی آئینی عدالت کے لیے مستقل بنیادوں پر تین مختلف بینچ بھی تشکیل دے دیے ہیں، تاکہ آئینی نوعیت کے مقدمات کو منظم انداز میں تقسیم کرکے سنا جا سکے۔ بینچ نمبر ایک میں چیف جسٹس امین الدین خان، جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس ارشد حسین شاہ شامل ہیں۔ بینچ نمبر دو کی سربراہی جسٹس حسن رضوی کریں گے جبکہ ان کے ساتھ جسٹس کے کے آغا موجود ہوں گے۔ بینچ نمبر تین جسٹس عامر فاروق اور جسٹس روزی خان پر مشتمل ہے۔
اس باضابطہ آغاز کے ساتھ ہی وفاقی آئینی عدالت نے اپنے عملی سفر کا پہلا قدم اٹھا لیا ہے، جس سے ملک میں آئینی معاملات کے تیز اور مخصوص نوعیت کے فیصلوں کی توقع بڑھ گئی ہے۔










