نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سعودی عرب پہنچ گئے ہیں جہاں وہ آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پاکستانی سفیر احمد فاروق اور قونصل جنرل خالد مجید نے ان کا استقبال کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کا یہ غیرمعمولی اجلاس آج جدہ میں او آئی سی سیکریٹریٹ میں منعقد ہوگا، جس میں رکن ممالک فلسطین کی سنگین صورتحال پر غور کریں گے۔ اجلاس میں اسرائیلی جارحیت اور غزہ پر مکمل قبضے کے منصوبے کے خلاف مشترکہ حکمت عملی پر بات چیت ہوگی۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ یہ اجلاس فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر مشترکہ ردعمل تیار کرنے کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔