وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، جہاں ان کے ہمراہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں۔ دونوں رہنماؤں نے فضائی سفر کے دوران تباہ حال علاقوں کا جائزہ لیا اور متاثرہ آبادی کی صورتحال پر بریفنگ حاصل کی۔
فضائی جائزے کے دوران چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہیں بتایا گیا کہ دریائے راوی اور دریائے ستلج میں پانی کی طغیانی کے باعث کئی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ کرتارپور کے بڑے حصے میں سیلابی پانی داخل ہو چکا ہے جس کے باعث بند توڑنا پڑا، تاکہ بڑے پیمانے پر جانی نقصان سے بچا جا سکے۔
این ڈی ایم اے حکام نے آگاہ کیا کہ پنجاب کے کم از کم آٹھ اضلاع میں فوجی دستے ریلیف اور امدادی کام میں مصروف ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کے لیے کئی مقامات پر حفاظتی شگاف ڈالے گئے ہیں تاکہ پانی کا بہاؤ موڑا جا سکے۔ سندھ میں بھی دریاؤں کے بہاؤ اور موسمی بارشوں کے سبب شدید سیلاب کے خطرات منڈلا رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ متاثرہ شہریوں کو فوری امداد، محفوظ مقامات تک منتقلی اور بنیادی ضروریات فراہم کرنے کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے امدادی آپریشنز کی رفتار بڑھانے، ہنگامی صحت سہولتیں قائم کرنے اور امدادی سامان کی ترسیل میں کوئی کوتاہی نہ کرنے پر زور دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کے ساتھ نارووال کے دورے کے دوران وزیراعظم کو متاثرہ علاقوں میں کیے گئے اقدامات، درپیش مشکلات اور مستقبل کے حفاظتی انتظامات پر تفصیلی آگاہی دی جائے گی۔