لاہور: نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پولیس کی مبینہ زیادتیوں کا نوٹس لیتے ہوئے سی آئی اے کے ڈی آئی جی ملک لیاقت کو عہدے سے ہٹا دیا اور ڈاکٹرز ہسپتال میں توڑ پھوڑ اور صحافیوں پر تشدد میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔
ایس اینڈ جی اے ڈی نے ملک لیاقت کو او ایس ڈی بنائے جانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
سی آئی اے پولیس نے ڈاکٹرز ہسپتال پر چھاپہ مارا اور صحافیوں کو اس وقت شدید تشدد کا نشانہ بنایا جب وہ اس اطلاع پر وہاں پہنچے کہ پولیس نے ڈیوٹی ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل سٹاف اور مریضوں کو یرغمال بنا لیا۔ مبینہ طور پر ملک لیاقت نے ”پولیس آپریشن“ کی قیادت کی۔
سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکاروں نے ہسپتال کے عملے پر حملہ کیا اور ان سے بدسلوکی کی ۔
پولیس نے ہسپتال میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کا ڈی وی آر بھی اپنے قبضے میں لیا اور ہسپتال میں تھوڑ پھوڑ کی جس سے ہسپتال میں افراتفری پھیل گئی۔
دریں اثناء صحافیوں، وکلاء تنظیموں اور سول سوسائٹی نے پولیس حملے کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب سےڈاکٹرز اور صحافیوں پر تشدد کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
بعد ازاں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان ہسپتال پہنچے اور صحافیوں کو یقین دلایا کہ تشدد میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.









