راولپنڈی: سابق وزیراعظم عمران خان کی اڈیالہ جیل کے سروے کے بعد اسپیشل برانچ اور متعلقہ محکموں کی سفارشات کی روشنی میں پولیس نے جیل کے اطراف میں ایلیٹ کمانڈوز کی تعیناتی اور اضافی سکیورٹی لگا دی۔
سروے کے بعد، متعلقہ حکام نے جیل کے سامنے واقع دکانوں اور سینٹرل جیل کے اطراف میں رہائشی علاقوں میں سیکورٹی اور تلاشی کی کارروائیوں میں اضافہ کرنے کی سفارش کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اڈیالہ روڈ اور جیل کے احاطے کے دونوں اطراف پولیس پوائنٹ قائم کیے گئے ہیں جب کہ ایلیٹ فورس کے دو دستے بھی دو شفٹوں میں جیل کے اطراف میں گشت کریں گے۔ عہدیداروں نے قومی شناختی کارڈ اور زائرین کی دیگر تفصیلات کا ریکارڈ رکھنے کی بھی سفارش کی۔
Don’t forget to Subscribe our Youtube Channel & Press Bell Icon.
ایس ایس پی آپریشنز اور چیف ٹریفک آفیسر نے دیگر اعلیٰ پولیس حکام کے ہمراہ جیل کا دورہ کیا اور سپرنٹنڈنٹ سے ملاقات کرکے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جیل انتظامیہ احاطے کی سکیورٹی کو یقینی بنائے گی جبکہ جیل کے باہر سکیورٹی کی ذمہ داری پولیس ہوگی۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو 26 ستمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر سخت سکیورٹی میں ڈسٹرکٹ جیل اٹک سے سینٹرل جیل اڈیالہ منتقل کیا گیا تھا۔
ہائی کورٹ نے یہ فیصلہ پی ٹی آئی کے سربراہ کی اٹک جیل سے اڈیالہ منتقلی کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے کیا۔