وزیر اعظم شہباز شریف نے روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کی رہائش گاہ پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
وزیر اعظم نے ایک بیان میں کہا کہ اس قسم کے خطرناک حملے عالمی امن اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب تنازعات کے خاتمے اور امن کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان روس کے صدر، حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی رکھتا ہے اور ایسے اقدامات کی مذمت کرتا ہے جو سلامتی اور امن کو متاثر کریں۔
شہباز شریف نے زور دیا کہ تشدد کے تمام طریقے، جو امن اور سلامتی کے لیے خطرہ بنیں، پاکستان کی نظر میں ناقابل قبول ہیں۔
واضح رہے کہ روس نے الزام عائد کیا ہے کہ یوکرین نے نووگورود ریجن میں واقع صدر پیوٹن کی سرکاری رہائش گاہ کو نشانہ بنایا۔ ماسکو سے موصولہ اطلاعات کے مطابق روسی حکام کا کہنا ہے کہ 28 اور 29 دسمبر کے دوران یوکرین کی جانب سے 91 لانگ رینج ڈرونز استعمال کیے گئے تاکہ رہائش گاہ پر حملہ کیا جا سکے۔
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بھی اس حملے کی کوشش کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین نے صدر پیوٹن کی رہائش گاہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔











