پنجاب حکومت نے مختلف منصوبوں اور اصلاحاتی اقدامات کے تحت صوبے میں لاکھوں افراد کو روزگار فراہم کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر بتایا کہ فروری 2024 سے اب تک پورے پنجاب میں مجموعی طور پر 9 لاکھ 94 ہزار 36 روزگار کے مواقع پیدا کیے جا چکے ہیں۔ ان کے مطابق یہ پیشرفت صوبے کی معاشی بہتری کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ 3 لاکھ 15 ہزار 536 نوکریاں سرکاری محکموں میں بھرتیوں، ادارہ جاتی اصلاحات اور عوامی خدمات میں توسیع کے نتیجے میں فراہم کی گئیں۔ ان میں مریم نواز ہیلتھ کلینکس، تعلیمی ادارے، ستھرا پنجاب اور دیگر سرکاری منصوبے شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آسان کاروبار پروگرام کے تحت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو مالی سہولت فراہم کی گئی، جس کے ذریعے 2 لاکھ 3 ہزار افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق اپنی چھت اپنا گھر، سڑکوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے باعث 4 لاکھ 75 ہزار 500 براہِ راست اور بالواسطہ نوکریاں وجود میں آئیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت غربت میں کمی، معیشت کی بہتری اور پائیدار روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔












