پنجاب میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے پی ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں کے گیارویں اسپیل کے حوالے سے نیا الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 16 سے 19 ستمبر کے دوران صوبے کے بالائی اور میدانی علاقوں میں مزید بارشیں متوقع ہیں، جن سے دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی ریلوں میں طغیانی کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ دریائے راوی، چناب اور ستلج پہلے ہی خطرناک حد تک دباؤ میں ہیں اور مزید بارشوں کی صورت میں صورت حال مزید سنگین ہوسکتی ہے۔ ادارے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ پیشگی انتظامات مکمل رکھے جائیں تاکہ ممکنہ جانی و مالی نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دریاؤں اور ندی نالوں کے کناروں پر جانے سے گریز کریں کیونکہ اچانک آنے والے سیلابی ریلے جان لیوا ثابت ہو سکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق حالیہ بارشوں اور سیلاب نے ہزاروں دیہات اور لاکھوں افراد کو متاثر کیا ہے، لاکھوں لوگ بے گھر ہوکر ریلیف کیمپوں میں مقیم ہیں جبکہ لاکھوں مویشی بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے ہیں۔ منگلا ڈیم 93 فیصد اور تربیلا ڈیم 100 فیصد بھر چکے ہیں جبکہ بھارت کے ڈیم بھی تقریباً بھرے ہیں جس سے مزید طغیانی کا خدشہ ہے۔ حکومت اور ریسکیو ادارے صورت حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
