Premium Content

قومی اسمبلی کے 33 حلقوں سے عمران خان ہی الیکشن لڑیں گے، تحریک انصاف

Print Friendly, PDF & Email

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اعلان کیا ہے کہ قومی اسمبلی کی خالی ہونے والی 33 نشستوں پر عمران خان ہی ضمنی الیکشن لڑیں گے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک میں پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور فواد چوہدری کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

اجلاس میں پنجاب کی نگران حکومت اور دونوں صوبوں میں ہونے والے ضمنی الیکشن سمیت قومی اسمبلی کے 33 حلقوں پر ضمنی انتخابات کے حوالے سے بات ہوئی۔

مزید پڑھیں: https://republicpolicy.com/qoumi-assembly-ki-33-nashistun-par-zimni-election-ka/

اجلاس کے بعد پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور اسد عمر نے مشترکہ پریس میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی  قومی اسمبلی کے 33 حلقوں پر ضمنی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی اور تمام نشستوں پر عمران خان ہی امیدوار ہوں گے۔

پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین نے کہا کہ عمران خان کی زیر صدارت کور کمیٹی کے اجلاس میں ملکی صورت حال اور ضمنی الیکشن پر بھی غور کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آئین کے تحت 90 دن کے اندر تحلیل اسمبلیوں پر انتخابات کروائے ۔

انہوں نے کہا کہ 17 جولائی کو پولیس کے بل بوتے پر الیکشن کروائے گئے تھے لیکن عوام نے انکو مسترد کیا اور بلے کے نشان پر مہر لگائی، امید کرتے ہیں 16 مارچ کو بھی قوم واضح جواب دے گی۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں قوم ایک بار پھر بتائے گی کہ وہ عمران خان کے ساتھ ہے کیونکہ اُسے معاشی تباہی پھیلانے والے امپورٹڈ ٹولے سے اب نجات چاہیے، عمران خان کو ہٹانے کی کوشش ایک طبقے کے ذہن میں ہے مگر چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ اللہ کی طاقت ہے اور وہ عوام کی کچہری میں سرخرو ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد ہم نے عوام کا اعتماد پایا ہے جبکہ حکومت نے اپنی ساکھ کھوئی ہے، اقتدار میں آنے والوں کی ترجیح اپنے مقدمات سے فرار ہے وہ اپنی کرپشن پر پردہ چاہتے ہیں جبکہ ہم چاہتے ہیں عوام فیصلہ کرے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فواد چودھری کے ساتھ ہونے والا سلوک سب دیکھ رہے ہیں، ماضی میں جو فواد پر تنقید کرتے تھے آج وہ بھی اس رویے پر انکے ساتھ ہیں سب نے ان کے ساتھ سلوک کہ مذمت کی ہے ۔

پی ٹی آئی اجلاس میں مہنگائی اور بگڑتی معاشی صورت حال کے حوالے سے قرارداد پیش کی گئی جسے اراکین نے کثرت رائے سے منظور کیا۔ جبکہ تحریک انصاف نے چیف جسٹس سے فواد چوہدری کے ساتھ ناانصافی کا نوٹس لینے کی اپیل کی اور صدر مملکت سے گورنر خیبرپختونخوا کے بیان کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Latest Videos