ماسکو: روس کے ریڈیو اسٹیشنوں کو ہیک کر کے صدر کی جعلی تقریر چلا دی گئی جس میں یوکرین سے متصل 3 علاقوں میں ہنگامی اقدامات کا اعلان کیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روسی ایوانِ صدر کریملن کے ترجمان نے کہا کہ ہیکنگ کا واقعہ جنوب مغربی بیل گوروڈ میں دراندازی کی متعدد کوششوں اور شدید گولہ باری کے درمیان اور یوکرین کے جلد متوقع جوابی کارروائی کے عندیے کے بعد پیش آیا۔
روسی صدر کا چلنے والا جعلی پیغام اب بھی سوشل میڈیا پر زیرگردش ہے جس میں کہا گیا کہ نیٹو اور واشنگٹن کی رضامندی اور حمایت سے مسلح یوکرین کے فوجیوں نے کرسک، بیل گوروڈ اور برانسک علاقوں پر حملہ کر دیا ہے۔
پیغام میں سنائی دے رہی آواز پوٹن کی آواز سے کافی ملتی جلتی ہے۔ پیغام میں مذکورہ بالا تینوں خطوں میں مارشل لا اور شہریوں کے انخلاء کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔

ترجمان نے کہا کہ یہ ایک ہیک تھا جسے اب کنٹرول کیا جاچکا ہے۔









