پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس کی قیادت سلمان علی آغا کریں گے۔ ٹیم کا اعلان لاہور میں کپتان سلمان علی آغا، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر عاقب جاوید نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔
اسکواڈ میں فہیم اشرف، خواجہ محمد نافع، محمد سلمان مرزا، صاحبزادہ فرحان، عثمان طارق، ابرار احمد، بابر اعظم، فخر زمان، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، عثمان خان، صائم ایوب، شاداب خان اور نسیم شاہ شامل ہیں، جبکہ فاسٹ بولر حارث رؤف کو ڈراپ کر دیا گیا ہے۔
عاقب جاوید نے کہا کہ ممکنہ کنڈیشنز اور ٹیم کمبی نیشن کو مدنظر رکھتے ہوئے سلیکشن کی گئی ہے اور مختلف فارمیٹس کے لیے الگ انتخاب ضروری ہوتا ہے۔ ان کے مطابق کوچ اور کپتان دونوں بابر اعظم کو ٹیم کے لیے اہم سمجھتے ہیں۔
کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ ٹیم ورلڈ کپ کے لیے تیار اور پُرجوش ہے، جبکہ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کے مطابق عثمان خان کی کارکردگی شاندار رہی ہے اور خواجہ نافع کو متبادل وکٹ کیپر کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7 فروری سے 8 مارچ تک کھیلا جائے گا، اور پاکستان 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گا۔












