وزیراعظم شہباز شریف 27 سے 29 اکتوبر تک سعودی عرب کا سرکاری دورہ کریں گے۔
دفترِ خارجہ کے مطابق وزیراعظم کو یہ دعوت سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دی ہے۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور کابینہ کے چند سینئر وزرا بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم ریاض میں ہونے والے “فیوچر انویسٹ منٹ انیشی ایٹو” کے نویں اجلاس میں شرکت کریں گے، جہاں عالمی رہنما، سرمایہ کار اور پالیسی ساز موجود ہوں گے۔ اجلاس میں جدت، پائیداری، معاشی شمولیت اور جغرافیائی سیاسی چیلنجز جیسے اہم موضوعات پر غور کیا جائے گا۔
دفترِ خارجہ کے مطابق وزیراعظم اپنے دورے کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر بات چیت کریں گے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم مختلف عالمی رہنماؤں اور بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں علاقائی و عالمی امور کے ساتھ ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور پائیدار ترقی کے وژن کو نمایاں کیا جائے گا۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی، سفارتی اور ترقیاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔












