وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے سندھ حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں عوامی مینڈیٹ کو بری طرح پامال کیا گیا ہے، جو جمہوری اقدار کے منافی عمل ہے۔
وہ پاکستان تحریک انصاف کراچی کے نائب صدر فہیم خان کی رہائش گاہ پر پہنچے جہاں پارٹی رہنماؤں سے تفصیلی ملاقات اور مشاورت کی گئی۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ سندھ کی سرزمین پر صحافیوں نے نہایت ذمہ داری اور شعور کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنجیدہ اور بروقت سوالات اٹھائے، جو جمہوریت کے لیے خوش آئند بات ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کا سرکاری پاسپورٹ بلاک کر دیا گیا ہے، جسے انہوں نے ایک غیر معمولی اور قابلِ تشویش اقدام قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات سے سیاسی دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے نہایت مؤثر، منظم اور کامیاب تنظیمی پروگرام ترتیب دیے گئے تھے، جن کا مقصد پارٹی کو نچلی سطح تک مضبوط بنانا تھا۔
انہوں نے سندھ کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے لوگوں نے بے مثال مہمان نوازی کا مظاہرہ کیا اور کھلے دل سے ان کا استقبال کیا، جس پر وہ دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہیں۔







