وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں پر ہونے والے مبینہ تشدد کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کی جانب سے خواتین کے ساتھ روا رکھا جانے والا ناروا سلوک کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہو سکتا اور اس طرح کے اقدامات نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہیں بلکہ معاشرتی اور اخلاقی اقدار کے بھی منافی ہیں۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کے خلاف لگائے جانے والے الزامات بھی نہایت افسوسناک اور تشویش ناک ہیں، جو سیاسی انتقام کی نشاندہی کرتے ہیں۔ انہوں نے صوبائی وزیر مینا خان پر مبینہ تشدد کے واقعے کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کی اور اسے ناقابل برداشت قرار دیا۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے یہ بھی کہا کہ ایم این اے شاہد خٹک اور دیگر منتخب عوامی نمائندگان کی گرفتاری کی کوششیں نہ صرف جمہوری اقدار کے منافی ہیں بلکہ سیاسی ماحول کو غیر مستحکم کرنے کا باعث بھی بن رہی ہیں، جس کی وہ بھرپور مذمت کرتے ہیں۔










