سری لنکن صدر کی درخواست کے بعد پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف گروپ میچ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ شیڈول کے مطابق دونوں ٹیمیں 15 فروری کو گروپ اے میں مدِ مقابل ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق پاک–بھارت میچ طے شدہ پروگرام کے تحت ہی کھیلا جائے گا۔ اس پیش رفت سے قبل سری لنکن صدر نے وزیراعظم شہباز شریف سے رابطہ کر کے پاکستان سے بائیکاٹ ختم کرنے اور میچ کھیلنے کی اپیل کی تھی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بنگلادیش نے بھارت میں جاری ورلڈ کپ کے دوران سیکیورٹی خدشات کے باعث وینیوز کی تبدیلی کی درخواست کی تھی، جسے آئی سی سی نے مسترد کر دیا۔ اس فیصلے پر بنگلادیش نے احتجاجاً ایونٹ سے دستبرداری اختیار کی، جس کے بعد آئی سی سی نے اسے ٹورنامنٹ سے نکال کر اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا۔
اس اقدام پر پاکستان نے آئی سی سی پر دہرا معیار اپنانے کا الزام لگاتے ہوئے بنگلادیش سے اظہارِ یکجہتی کیا اور بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا، جس سے عالمی کرکٹ میں ہلچل مچ گئی۔
بعد ازاں آئی سی سی نے پاکستان کو منانے کے لیے رابطے کیے اور اس حوالے سے آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین، بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر اور چیئرمین پی سی بی کے درمیان طویل ملاقات بھی ہوئی۔ بالآخر سفارتی کوششوں کے بعد پاکستان نے بائیکاٹ ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔








