وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جائیداد کے مقدمات کو نوّے دن میں نمٹانے سے متعلق قانون کی معطلی پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قانون لاکھوں مظلوم شہریوں کو قبضہ مافیا سے تحفظ دینے کے لیے بنایا گیا تھا۔ ان کے مطابق اس کی معطلی اعلیٰ عدلیہ کے طے شدہ اصولوں سے ہم آہنگ نہیں اور اس سے براہِ راست فائدہ طاقتور لینڈ مافیا کو ہوگا۔
مریم نواز نے واضح کیا کہ یہ قانون عوام کی منتخب اسمبلی نے منظور کیا تھا تاکہ شہریوں کو اپنی قانونی زمین اور جائیداد کے تحفظ کا مؤثر اختیار مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قانون کسی ذاتی فائدے کے لیے نہیں بلکہ عوامی مفاد میں بنایا گیا تھا، اور اس کی معطلی سے انہیں نہیں بلکہ غریبوں، بیواؤں اور بے سہارا افراد کو نقصان پہنچے گا۔
وزیرِ اعلیٰ نے زور دیا کہ قانون سازی صوبائی اسمبلی کا آئینی حق ہے، جسے محدود نہیں کیا جا سکتا، اور جائیداد کے تنازعات میں فوری انصاف فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔













